اٹک میں 3 نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق حضرو کے علاقہ بہادر خان کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو پولیس رائیڈرز ٹیمیں موٹر سائیکلز پر گشت کررہی تھیں اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آ کر کانسٹیبل قدیر خان موقع پر شہید جبکہ کانسٹیبل نصرت خان گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کانسٹیبل نصرت خان کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگے۔اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او ) ڈاکٹر سردار غیاث گل خان فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گے اور ٹیمیں تشکیل دیکر نامعلوم ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔