مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 148واں یومِ پیدائش آج بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں عوام شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں ۔
لاہور: یوم اقبال کی مرکزی تقریب لاہور میں مزار اقبال پر ہوئی، گارڈزکی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کےکمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل عزمی تھے، جنہوں نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی ۔
پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، پنجاب رینجرز کا دستہ فرائض سے سبکدوش ہوا ۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عاطف بشیر نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے ۔
شاعرِ مشرق کے یومِ ولادت پر صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام نے اپنے پیغامات میں علامہ اقبال کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ شاعرِ مشرق نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کیا، علامہ اقبال کا پیغام آج بھی رہنمائی کا سرچشمہ ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے علیحدہ وطن کا خواب روشن کیا، خود انحصاری، خودآگاہی اوراتحادعلامہ اقبال کی تعلیمات ہیں ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے جب کہ گورنر، وزرائے اعلیٰ اور دیگر شخصیات نے بھی علامہ اقبال کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں علامہ قبال کے یوم پیدائش پر منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں اقبال کے افکار پر چلتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کےلیے جدوجہد جاری رکھنی ہے ۔


