پاکستانی نژاد امریکی وکیل زنیرا طارق کو ٹک ٹاک کے امریکی ہیڈکوارٹرز میں آپریشنز لیڈر موبیلٹی تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں وہ کمپنی کی عالمی ٹیلنٹ موبیلٹی اور امیگریشن حکمتِ عملی کی نگرانی کریں گی۔
اپنے نئے اور اہم کردار میں زنیرا طارق ٹک ٹاک میں افرادی قوت کی منتقلی اور امیگریشن پالیسیوں کی ذمہ دار ہوں گی۔ انہوں نے امریکہ، کینیڈا، میکسیکو اور برازیل میں ٹک ٹاک کی توسیعی منصوبہ بندی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے لیے پیچیدہ ری لوکیشن منصوبوں کو بھی لیڈ کیا۔
زنیرا طارق کا کیریئر بین الاقوامی قانون، پاکستان میں پبلک پالیسی اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں قیادت کے کرداروں پر محیط ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف لندن سے بیچلرز آف لا کی ڈگری حاصل کی جبکہ بعد ازاں امریکہ کی یونیورسٹی آف واشنگٹن اسکول آف لا سے ماسٹر آف لا مکمل کیا۔
اپنے پیشہ ورانہ سفر کے آغاز میں انہوں نے سیئٹل میں مائیکروسافٹ کے ہیڈکوارٹرز میں موبیلٹی اور امیگریشن کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں وہ عالمی سطح پر ٹیلنٹ موبیلٹی کے امور کی نگرانی کرتی رہیں۔
پاکستان میں بھی انہوں نے اہم قومی منصوبوں پر کام کیا، جن میں وزارتِ داخلہ کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے قانونی مشیر کے فرائض شامل ہیں۔ وہ سابق گورنر پنجاب چوہدری الطاف کی نواسی بھی ہیں۔
زنیرا طارق نے تاریخ رقم کرتے ہوئے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) میں ڈائریکٹر جنرل کی پہلی خاتون مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے یو اے ای میں ایک بڑے بین الاقوامی توسیعی منصوبے کی نگرانی کی۔


