پاکستان نے غزہ کے جنوبی شہر رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم خیمہ بستی پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی جس میں درجنوں افراد جان سے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے پیر کی رات جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ان افراد کو نشانہ بنانا جو پہلے اسرائیلی بمباری کی وجہ سے بے گھر ہو گئے تھے اور جنہیں پناہ گزین کیمپ میں پناہ دی گئی تھی، اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون کی ایک اور خلاف ورزی ہے۔
"پاکستان 24 مئی 2024 کے آئی سی جے کے احکامات پر فوری اور غیر مشروط عمل درآمد کے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔ غزہ میں شہریوں کے مکمل تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں اور غزہ کی نسل کشی کے لیے اسرائیلی قابض افواج کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو رفح میں شہریوں کے خلاف مزید حملوں سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور غزہ کے لوگوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرے۔