پچس نومبر 2026 کو پاکستان کا پہلا خلاباز چین کے خلائی مرکز سے خلا کے سفر پر روانہ ہوگا۔
اس اہم مشن کیلئے پاکستان کے دو پائلٹس، محمد ذیشان علی اور خرم داؤد، کو چین میں سخت طبی، نفسیاتی اور تکنیکی جانچ کے بعد خصوصی خلائی تربیت دی گئی ہے۔
اس خلائی سفر کیلئے ان میں سے ایک پائلٹ کو حتمی طور پر منتخب کیا جائے گا، جو چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
یہ خلاباز صرف خلا کا وزٹ نہیں کرے گا، بلکہ وہاں سائنسی تجربات بھی انجام دے گا۔
ان تجربات میں بایوٹیکنالوجی اور زندگی سے متعلق تحقیق شامل ہے، جس سے مستقبل میں خوراک کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا آغاز فروری 2025 میں خلابازوں کی تربیت اور خلائی مشن سے متعلق معاہدے کے ذریعے ہوا تھا۔
اب یہی تعاون پاکستان کے انسانی خلائی سفر کے خواب کو حقیقت کے قریب لا رہا ہے۔


