صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل محمد فراز قریشی نے، سیکیورٹی انچارج افغان مہاجرین، تھانہ بفہ پولیس اور متعلقہ محکموں کے ہمراہ اچھڑیاں کیمپ میں مشترکہ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے غیر قانونی مکانات اور دکانیں مسمار کر دیں۔جبکہ اچھڑیاں کیمپ کو مکمل طور پر خالی کروا لیا گیا۔
کارروائی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس آپریشن کا بنیادی مقصد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جانے کی ترغیب دینا اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ غیر قانونی رہائش کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔


