بالاکوٹ: کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا انتظامی افسران کی اولین ذمہ داری ہے، تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کو فوری انصاف فراہم کریں اور مظلوم شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل بالاکوٹ کے علاقہ شوہال میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران کیا۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن نے کہا کہ ضلعی افسران کسی بھی صورت میں ظالم کا ساتھ نہ دیں بلکہ عوامی مسائل کے حل میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں اور ریاستی اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنا اور عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنا ہے۔
انہوں نے بالاکوٹ تحصیل کو ایک خوبصورت خطہ قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ یہاں کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہماری اولین ترجیح عوامی مسائل کا بروقت حل ہے اور اس کے لیے تمام ضلعی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری کارروائی کریں،کسی بھی سرکاری افسر کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عوامی مسائل کو نظر انداز کرے،جو بھی شکایت موصول ہوگی، اس کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل کمشنر ہزارہ ڈویژن کے سامنے پیش کیے۔ کمشنر سید ظہیر الاسلام نے شہریوں کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک، ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ خان گنڈا پور سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے، جنہوں نے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے۔