قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر بابراعظم نے سابق بھارتی کپتان روہت شرما کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے بعد ویرات کوہلی کا ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اننگز میں 50 سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی جیت لی اور سٹار بیٹر بابراعظم نے ٹی20 ٹیم میں واپسی کے بعد سیریز میں دوسرا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا تو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب ایک مرتبہ پھر بڑی اوپننگ شراکت کرنے میں ناکام رہے تاہم بابراعظم نے اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت پوزیشن پر لاکھڑا کیا ۔
بابراعظم نے میچ میں 9 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی جو ان کے کیریئر کی 40 ویں اننگز تھی، جس میں انہوں نے 50 سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا ۔
قبل ازیں ٹی20 سے ریٹائرمنٹ لینے والے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے 125 میچوں میں 39 مرتبہ 50 سے زائد رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا ۔
روہت شرما یہ کارنامہ اپنے ٹی20 کیریئر میں 37 مرتبہ انجام دے چکے ہیں اور 159 میچوں میں انہوں نے یہ ریکارڈ بنایا تھا ۔
پاکستان کے محمد رضوان نے صرف 106 میچوں میں 31 مرتبہ 50 سے زائد رنز کی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے، پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے سابق بیٹر ڈیوڈ وارنر ہیں جنہوں نے 29 مرتبہ 50 رنز سے بڑی اننگز کھیلی ۔


