اسلام آباد: ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان وفد کے ہمراہ نورخان ایئربیس پہنچے، اماراتی وفد میں وزرا، کاروباری شخصیات اور اعلیٰ حکام شریک تھے ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکومتی وزرا اور اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے جب کہ دارالحکومت میں بارش کے پیش نظر شہباز شریف معزز مہمان کو بارش سے محفوظ رکھنے کے لیے خود چھتری تھام کر چلتے رہے ۔
اس کے بعد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ولی عہد نے شہبازشریف کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے ارکان کا شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان سے تعارف کرایا جب کہ ابوظبی کے ولی عہد نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کرایا ۔
بعد ازاں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے 5 معاہدوں پر دستخط کیے ۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں جب کہ یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک اور ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ ہے، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی رہائش پذیر ہیں اور وہاں کام کرتے ہیں ۔
پاکستان اور ابوظبی کے درمیان بینکنگ، کان کنی، ریلویز اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط ہوگئے ۔
وزیراعظم سے ابوظبی کے ولی عہد اور ابوظبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔
وزیراعظم نے ولی عہد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دو طرفہ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی ۔
وزیراعظم نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلسل اور مضبوط حمایت کو سراہا۔ پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو وسعت دینے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پاکستانی اداروں اور ابوظہبی پورٹس کے درمیان حالیہ کامیاب سرمایہ کاری کے اقدامات اس مضبوط اور مسلسل بڑھتے ہوئے تعاون کی روشن مثال ہیں ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو نشان پاکستان سے نواز دیا ۔
ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایوان صدر پہنچے جہاں صدر مملکت آصف زرداری نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا ۔