میرعلی: سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام وژن کے تحت خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خواتین کے بھیس میں فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی دہشت گرد رکشے میں خواتین کا روپ دھار کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔
خوارج کی جانب سے خواتین کے برقعوں کا استعمال نہ صرف اسلامی اور اخلاقی اقدار کے منافی ہے بلکہ خواتین کی حرمت کا استحصال بھی ہے۔
سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں پسپائی کے بعد دہشت گرد مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے مساجد اور شہری آبادی میں چھپنے، بارودی مواد رکھنے اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ مساجد جیسے مقدس مقامات کا دہشت گردی کے لیے استعمال اور خواتین کی حرمت کا استحصال خوارج کے طرزِ عمل کو ظاہر کرتا ہے۔
سکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔


