گلگت: ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت امیر اعظم کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت عارف حسین کی زیر صدارت جشنِ بہاراں انٹر کلب پولو ٹورنامنٹ کیلئے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر گلگت، ایس پی ٹریفک، اے ڈی اسپورٹس، ایس ڈی او بی اینڈ آر، صدر پولو ایسوسی ایشن گلگت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت نے کہا کہ جشنِ بہاراں انٹر کلب پولو ٹورنامنٹ آغا خان شاہی پولو گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا، جس کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ صدر پولو ایسوسی ایشن گلگت نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولو گراؤنڈ میں پانی ڈالنے اور راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اے ڈی ٹورازم اور ڈی ایس او گلگت نے بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مزید برآںایونٹ کے مؤثر انعقاد کے لیے اسسٹنٹ کمشنر گلگت کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں صدر پولو ایسوسی ایشن، اے ڈی سپورٹس، چیف آفیسر ایم سی، ڈی ایم او گلگت اور ڈی ایس او گلگت شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی گراؤنڈ کا تفصیلی جائزہ لے کر انتظامات کو حتمی شکل دے گی۔ ایس پی ٹریفک کو بھی ہدایت دی گئی کہ سیکیورٹی اور ٹریفک پلان مرتب کر کے رپورٹ جلد از جلد پیش کریں۔