وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر سیاحت زاہد چن زیب اور ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہ رخ علی کی خصوصی ہدایت پر گلیات میں تجاوزات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل گلیات ڈوپلمنٹ اتھارٹی ارسلان شوکت نے اس تمام تر آپریشن کی خود نگرانی کی اور راستوں میں تمام غیر قانونی رکاوٹوں اور تجاوزات کو ہٹانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق گلیات کے مختلف سیاحتی مقامات پر سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم کی گئی تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے جی ڈی اے کی ٹیمیں متحرک ہوئیں ۔
بھاری مشینری کی مدد سے ان تجاوزات کو ہٹایا گیا جس سے راستے کشادہ اور آمدورفت کے لیے بحال ہو گئے،اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل ارسلان شوکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور جی ڈی اے گلیات کی خوبصورتی اور سیاحوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور یہ آپریشن اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی گلیات کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی ۔
اس کامیاب آپریشن پر مقامی شہریوں اور سیاحوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس سے گلیات میں بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ جی ڈی اے حکام نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ گلیات کو ایک مثالی سیاحتی مقام بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتے رہیں گے ۔