لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم امن پر پیغام جاری کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے قیام امن کے لیے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کیا.
مریم نواز نے امن و امان کے لیے سرگرم عمل پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی سلام پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے۔
امن ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے اور امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عالمی یوم امن ہمیں برداشت اور رواداری پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔
پائیدار امن کے لیے تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ناگزیر ہے اور معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔
امن صرف جنگ کے ختم ہونے کا نام نہیں، یہ انصاف، محبت و احترام کے ساتھ جینے کا دوسرا نام ہے۔


