مانسہرہ میں ٹمبر مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کے الزام میں ضلعی پولیس آفیسر نے ایس ایچ او تھانہ پھلڑہ اور 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ۔
مانسہرہ: تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ لاری اڈہ پولیس نے بیدڑہ انٹرچینج پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی لکڑی سے بھرا ٹرک پکڑا تھا جس میں بڑی مقدار میں چیڑ کے نگ برآمد ہوئے اور تین ملزمان گرفتار کیے گئے تھے ۔
واقعہ کے بعد ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایات پر ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کا آغاز کیا گیا ۔
انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی کہ ٹمبر سمگلنگ کے اس واقعہ میں ایس ایچ او تھانہ پھلڑہ اور 3 دیگر اہلکاروں کی غفلت و شمولیت پائی گئی، جس پر فوری طور پر ملوث اہلکاران کو معطل کر دیا گیا ۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ ٹمبر مافیا کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، اگر مستقبل میں کسی بھی تھانے کی حدود میں غیر قانونی لکڑی کٹائی یا سمگلنگ کا واقعہ سامنے آیا تو متعلقہ ایس ایچ او اور ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔