مانسہرہ میں تھانہ صدر کی حدود جابہ میں ماں اور سولہ ماہ کی کمسن بچی کے اندوہناک قتل کیس میں مانسہرہ پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
کیس میں ملوث تمام 6 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کی ہدایت پر قائم سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے شب و روز کی محنت، جدید ٹیکنیکل ذرائع اور مؤثر سرچ آپریشنز کے ذریعے پہلے پانچ ملزمان وصی شاہ ولد واجد شاہ، عبدالرزاق شاہ ولد افسر شاہ، نیاز علی شاہ ولد افسر شاہ، قائم علی شاہ ولد فرزند علی شاہ، اور احسن علی شاہ ولد فرزند علی شاہ کو گرفتار کیا تھا ۔
آج کی تازہ ترین پیش رفت میں کیس کے آخری مرکزی ملزم، سید مہتاب شاہ ولد سید افسر شاہ سکنہ جابہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق یوں یہ ہائی پروفائل کیس منطقی انجام کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔