نوری ٹاپ کے دشوار گزار پہاڑی راستے پر شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث پھنسے آٹھ افراد کو مانسہرہ پولیس کے افسران و جوانوں کی کاوشوں سے بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ۔
متاثرہ تمام افراد کا تعلق پاکستان کے مختلف علاقوں سے ہے، جو آزاد کشمیر کے علاقے شاردہ میں کاروباری سرگرمیوں سے منسلک تھے، حالیہ کشیدہ حالات کے باعث ان افراد نے نوری ٹاپ کے راستے اپنے آبائی علاقوں کو واپسی کا سفر شروع کیا تھا ۔
مجموعی طور پر 22 افراد نے شاردہ سے روانگی اختیار کی، جن میں سے 14 افراد بحفاظت اپنے علاقوں تک پہنچ گئے، جبکہ 8 افراد نوری ٹاپ کے قریب گلیشیئر کی زد میں آکر پھنس گئےتھے ۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کیے ، جس پر جلکھڈ کے راستے سے ریسکیو آپریشن شروع ہوا جس میں مانسہرہ پولیس، کے ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو بحفاظت ریسکیو کر کے جلکھڈ پہنچایا۔
دیگر تین افراد کو شاردہ پولیس نے ریسکیو کیا،بدقسمتی سے ان میں سے ایک شخص، گل زادہ ولد طور خان، آکسیجن کی کمی کے باعث جان کی بازی ہار گیا ۔
تمام متاثرہ افراد کو ناران پہنچا کر فوری طور پر ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے تمام اداروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھر پور سراہا گیا ۔