مانسہرہ میں 5 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار ، ملزمان کے قبضے سے ڈکیتی کے دوران چھینی گئی رقم ، موبائل فونز اور استعمال کیا گیا اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔
مانسہرہ: پولیس کے مطابق تفصیلات کے مطابق 10 ستمبر کو دھنکہ شریف عرس سے واپسی کے دوران تھانہ پھلڑہ کی حدود گھڑوال چوک میں نامعلوم ملزمان نے رات کے وقت روڈ پر ناکہ بندی قائم کر کے گزرنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کو لوٹا،متعدد شہریوں کی جانب سے اس واقعہ کی تحریری درخواستیں تھانہ پھلڑہ میں موصول ہوئیں ۔
حکام کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا اور بروقت چھاپہ مار کارروائی کے نتیجے میں پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
ملزمان سے چھینی گئی رقم 41 ہزار روپے، چار عدد قیمتی موبائل فونز، چار عدد 30 بور پستول اور ایک کلاشنکوف برآمد کی گئی، دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں ۔
ڈی پی او مانسہرہ نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مانسہرہ پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گیں ۔