اسکردو کے قریب مالوپہ کےمقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے گاڑی بھاری ملبے تلے دب گئی جس سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں طبی عملے کے ساتھ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔پاک فوج نے ریسکیو آپریشن شاندار پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیا۔ پانچوں ہلاک شدگان کی لاشیں ملبے سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔
آپریشن میں ملبے تلے دبی گاڑی کو نکالنا بھی شامل تھا۔ ملبہ ہٹانے اور وین کو نکالنے کے لیے کرینوں سمیت بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے سخت سردی میں آپریشن مکمل کیا۔ یاد رہے اسکردو کے پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ بار بار آنے والا خطرہ ہے۔ مقامی حکام اور ریسکیو سروسز نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔