پشاور ہائیکورٹ کے حکم اور الیکشن کمیشن کی ہدایت کے فوری بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب 25 ارکان نے حلف اٹھا لیا ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منتخب نئے اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا ۔
پشاور: مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی تقریب حلف برداری میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی کے منتخب 25 اراکان سے حلف لیا، تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر امیر مقام ، اپوزیشن لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عباد الله، جے یو آئی رہنمامولانا لطف الرحمان، صدر محمد علی باچا، رضا اللہ چغرمٹی، ایم پی اے ملک طارق ،ایم پی جلال خان سمیت دیگر اراکین اور متعلقہ اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
نو منتخب اراکین میں 9 جے یو آئی ،مسلم لیگ ن کے 8 اور پیپلز پارٹی کے 5 ، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 اور پی ٹی آئی پی کے ایک رکن نے بطور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی حلف لیا ۔
25 مخصوص نشستوں میں سے 21 خواتین اور 4 اقلیتی اراکین کے شامل ہیں، جے یو آئی کی 7 خواتین اور 2 اقلیتی اراکین نے حلف اٹھا لیا، مسلم لیگ نون کی 7خواتین اور ایک اقلیتی رکن نے بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف اٹھالیا ۔
اسی طرح پیپلز پارٹی کی 4 خواتین اور ایک اقلیتی رکن نے حلف لیا، عوامی نیشنل پارٹی کی دو اور پی ٹی آئی پی کی ایک خاتون رکن نے بطور رکن صوبائی اسمبلی حلف لیا ۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں مذکورہ اراکین سے حلف نہیں لیا گیا تو اپوزیشن اراکین نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، بعدازاں الیکشن نے ہدایت کی کہ مخصوص نشستوں کے اراکین سے شام کو ہی حلف لیا جائے ، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے گورنر ہاوس کو مراسلہ بھی ارسال کیا تھا ۔