خان پور: تھائی لینڈ ایمبیسی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے خان پور کی تاریخی اور عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل بدھ مت تہذیب کی یادگار، جولیاں اسٹوپہ کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر وفد نے نہ صرف بدھ مت تہذیب اور بدھا کے مجسموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا بلکہ محکمہ آثار قدیمہ (آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ) کی جانب سے کیے گئے بہترین تحفظاتی اقدامات اور صفائی کے انتظامات کو بھی سراہا ۔
وفد کو آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ریسرچ آفیسر سید نیاز علی باچا اور سائیڈ انچارج راجہ عدنان نے بریفنگ میں اسٹوپہ کی تاریخی اہمیت اس کی ساخت بدھ مت تہذیب سے وابستہ آثار، اور قدیم عبادات کے طریقوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ۔
اس موقع پر تھائی وفد کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں بدھ مت کے مقدس مقامات کا اس قدر خیال رکھنا قابل تحسین ہے اور یہ امر دنیا بھر کے بدھ مت پیروکاروں کے لیے خوش آئند ہے ۔
اہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک پرامن ملک ہے بلکہ یہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی عبادات کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بدھ مت، ہندو مت، سکھ مت سمیت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد یہاں نہ صرف اپنے مقدس مقامات کا دورہ کرتے ہیں بلکہ اپنی مذہبی رسومات بھی بخوشی اور آزادی کے ساتھ ادا کرتے ہیں، جو کہ مذہبی رواداری کی عمدہ مثال ہے ۔