آزاد کشمیر میں کرکٹ کے شائقین کا انتظار بالآخر ختم ہو گیا، کشمیر سپریم لیگ (KSL) کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
"لیگ فار پیس” کے بینر تلے منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 18 ستمبر کو شروع ہو کر 30 ستمبر کو اختتام پذیر ہو گا۔ مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم اور راولپنڈی میں چھ ٹیموں کے درمیان کل 19 سنسنی خیز مقابلے کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا مقصد کرکٹ کے ذریعے امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینا، باصلاحیت کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا اور کھیلوں اور دوستی کے جشن میں کمیونٹیز کو اکٹھا کرنا ہے۔
لیگ میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے ہر ایک کشمیر کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرے گی، جن میں مظفرآباد فالکنز، راولاکوٹ یونائیٹڈ، کوٹلی کنگز، باغ رائلز، میرپور اسٹالینز اور اوورسیز پیٹریاٹس شامل ہیں۔افتتاحی تقریب راولپنڈی میں ہوگی جہاں 15 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ گرینڈ فائنل سمیت چار میچ مظفرآباد میں ہوں گے۔ٹورنامنٹ کا اختتام 30 ستمبر کو اختتامی تقریب کے ساتھ ہوگا۔