جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسلام آباد کے معروف نجی شاپنگ مال کے فلیٹ میں لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دیکر مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار 2 ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ۔
اسلام آباد: عدالت نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ۔
اسلام آباد پولیس نے لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار ملزمان فیصل جلال اور حفیظ اللہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس کی عدالت میں پیش کیا ۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کا میڈیکل اور فرانزک چیک اَپ کروانے کے لیے جسمانی ریمانڈ درکار ہے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے تفتیشی ٹیم کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی اور ملزمان کو تین روزی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ۔
متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں زیادتی کے الزام کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون روزگار کی تلاش میں عارف والا کے گاؤں سے اسلام آباد آئی تھیں اور فیس بک کے ذریعے کال سینٹر میں نوکری کی تلاش کر رہی تھیں ۔
لڑکی کے بیان کے مطابق 21 اکتوبر کو فیصل نامی شخص نے انہیں نجی شاپنگ مال میں بلایا، جہاں حفیظ اللہ نامی شخص انہیں فلیٹ میں لے گیا، مقدمہ کے متن کے مطابق بات چیت کے دوران اچانک دونوں نے زبردستی زیادتی کی، تھپڑ اور مکے مارے ۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی اطلاع پر ون فائیو ایمرجنسی کے ذریعے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو موقع سے گرفتار کیا گیا ۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت تین روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ۔