پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دینے کا سلسلہ رات بھر سے جاری ہے اور پاک فضائیہ نے دشمن کے 5 جہاز مار گرائے جب کہ بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے مار گرائے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل ہیں ۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا، ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا گیا ۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہےکہ پاک فوج نےجوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹرتباہ کردیا ،دوسری جانب بھارتی میڈیا نے اپنے تین طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کردی ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے میں 8 پاکستانیوں کی شہادت اور 35 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔
بھارتی حملوں میں نقصانات کے فوری بعد رات گئے پریس بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، پاکستان میں 6 مقامات پر مختلف ہتھیاروں سے بھارت کی جانب سے 24 حملے ہوئے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کرکے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کیا، بھارت کے بزدلانہ حملوں میں 8 پاکستانی شہید،35 زخمی ہوئے جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں ۔
ڈی جی ایس ایس پی آر نے کے مطابق احمدپورشرقیہ میں مسجد سبحان پر 4 حملے ہوئے جس میں 5 پاکستانی شہید ہوئے، احمدپورشرقیہ میں شہید ہونے والوں میں 3سالہ معصوم بچی بھی شامل ہے جبکہ 6 خواتین سمیت 31 پاکستانی زخمی بھی ہوئے ۔
ڈی جی ایس ایس پی آر نے بتایا کہ احمدپورشرقیہ میں 1 مسجد شہید ہوئی، سول آبادی کے 4 فیملی کوارٹرز کو نقصان پہنچا، مظفرآباد میں شاہی والی کے مقام پر 7 حملے ہوئے، مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، ایک بچی زخمی اور ایک مسجد شہید ہوئی ۔
ڈی جی ایس ایس پی آر کے مطابق کوٹلی میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیااور وہاں 2 افراد شہید ہوئےجس میں 16 سال کی لڑکی اور 18 سال کا لڑکا شامل ہیں جبکہ ماں بیٹی زخمی ہیں۔
ڈی جی ایس ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ مرید کے میں بھی ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا،4 حملے کیے گئے جس میں 1شخص شہید 1زخمی جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں اور مسجد بھی شہید ہوئی، رہائشی کوآرٹرز کو نقصان ہوا۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ کے شمال میں گاؤں کوٹلی لوہاراں میں 2حملے ہوئے جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔سیالکوٹ میں ایک گولہ بغیر پھٹے گرا،دوسرا کھلے مقام پر گرا ، شکرگڑھ میں 2 حملے ہوئے اور ایک ڈسپنسری کو معمولی نقصان پہنچا ۔