سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ٹرائل سے متعلق کیس سمیت دیگر اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیے ۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 6 سے 10 جنوری تک آئینی بینچ کی کاز لسٹ جاری کر دی، جس کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا ۔
7 رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں ۔
جاری کاز لسٹ کے مطابق آئینی بینچ ملٹری کورٹس کیس کی سماعت 7 جنوری کو کرے گا، عمران خان کی 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے آئینی درخواست بھی اسی روز سنی جائے گی ۔
سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا، آئینی بینچ 8 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا، ڈپٹی سپیکر پنجاب رولنگ نظر ثانی کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا، آئینی بینچ حمزہ شہباز کی نظر ثانی درخواست پر 9 جنوری کو سماعت کرے گا ۔
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کے خلاف درخواست 10 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردی، اس کے علاوہ طلبہ تنظیموں پر پابندی کے خلاف درخواست پر بھی 10 جنوری کو سماعت ہوگی ۔