آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل فوج لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان جب حملہ کرے گا تو اس کی گونج دنیا بھر میں سنی جائے گی، پھر بھارتی میڈیا کو بتانے کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی ۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل پر نظر رکھی گئی، انڈیا سے جو بھی چیز آتی ہے اُس کی مکمل اور کڑی نگرانی کی جاتی ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت یہ دعویٰ کررہا ہے کہ اُس نے گزشتہ روز کے حملے کے جواب میں آج پاکستان میں 15 مقامات کو نشانہ بنایا ہے، یہ محض ایک کہانی اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے۔ اس دعوے پر بھارتی حکومت سے سوال کرتا ہو کہ وہ 21ویں صدی میں جی رہے ہیں یا پرانے دور میں رہ رہے ہیں ۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کو اب تھیٹر اور سینیما سے نکل کر اصل اور زمینی حقائق کو دیکھنا ہوگا، جو تصاویر پاکستان کے حملے سے جوڑی جارہی ہیں وہ جعلی ہیں، انہیں اصل کرنے کیلیے اطراف میں آگ لگادی جاتی تاکہ حملہ ہی لگتا مگر واضح ہے کہ میزائل لاکر رکھے گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر شے کو مانیٹر کررہا ہے، آج گرائے جانے والے 29 بھارتی ڈرونز کا معائنہ اور فرانزک کروایا جارہا ہے۔ ایئرڈیفنس سسٹم پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو روز قبل آپ اپنی مرضی اور اپنے وقت پر آئے، سارا ایئرڈیفنس لگایا ہوا تھا تو پھر کیسے 5 جہاز گر گئے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان جب اپنے وقت پر حملہ کرے گا تو ہمیں اور آپ کو بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ دنیا اس کو نشر کرے گی اور نہ صرف یہ نظر آئے گا بلکہ اس کی گونج بھی ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت نے بہت چھوٹے ڈرونز فائر کیے اور یہ سوچا کہ شاید ایئرڈیفنس میں یہ نظر نہیں آئیں گے تو ہم نے انہیں پک کیا، ہم نے اپنی حکمت عملی کے تحت انہیں انگیج کیا اور پھر بہت احتیاط کے ساتھ انہیں نشانہ بنایا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم نے بہت احتیاط کے ساتھ کام لیتے ہوئے 29 ڈرونز کو نشانہ بنایا، صرف ایک ڈرون ایسا تھا جس کے پھٹنے سے 4 جوان زخمی ہوئے اور دفاعی نظام کو معمولی نقصان پہنچا، بھارت اپنی شکست کی ہزیمت چھپانے کیلیے اب الزام تراشی کررہا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے یہ بھی بتایا کہ بھارت کی جانب سے فائر کیے جانے والے ڈرونز کے نتیجے میں تین سویلین شہری شہید ہوئے ہیں ۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے ڈرونز کے ذریعے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو نشانہ بنایا تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پانچ جنگی طیاروں اور دو یو اے ویز کو گرایا جو انہیں ہضم نہیں ہوا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس پر بھارت نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کر کے پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان نے امرتسر پر حملہ کیا ہے، یہ جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے جس کو ہم نے مسترد کردیا ۔
نائب وزیراعظم نے پیش کش کی کہ ہم نے پہلگام حملے پر بھی بھارت کو تحقیقات کی پیش کش کی اگر بھارت کے پاس اپنے کل کے دعوے کے حوالے سے کوئی شواہد ہیں تو پیش کرے ۔