آزاد کشمیر کے ایک رہائشی علاقے ہٹیاں بالا میں شر پسندو ں نے ایک ساتھ تین جنگلوں میں آگ لگا دی۔
زرائع کے مطابق شر پسندوں نے بنی حافظ سے ملحقہ،سڑک چناری اورجسکول کے جنگلات میں آگ لگادی۔ گذشتہ روز لگنے والی آگ کی وجہ سے سینکڑوں چھوٹے اور بڑے پودے جل گئے۔ عوام نے وزیر اعظم،وزیر جنگلات،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری جنگلات سے ایسے بےحس لوگوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوکل کونسل کے ممبران اور وہاں کے رہائشیوں نے آگ پر قابو پانے کی بہت کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔ ممبران لوکل کونسل کا کہنا تھا کہ یہاں کے مقامی لوگوں نے پچھلے دو سال سے جنگل کی حفاظت کی ہے اور اپنے مال مویشیوں کو بھی جنگل کی طرف نہیں جانے دیا۔ ان شرپسند لوگوں نے سینکڑوں قیمتی درختوں سمیت جنگلی حیات کے گھروں کو بھی تباہ کر دیا۔ عوامی حلقوں نے محکمہ جنگلات سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کریں اور انھیں تلاش کر کے انکے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔