امریکی شہری نے گلگت بلتستان کے علاقے استور میں سب سے مہنگا قرار دیا جانے والا استور مارخور بھاری معاوضہ ادا کر کے شکار کرلیا۔
شکاری نے اس ٹرافی ہنٹنگ کا اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے گلگت بلتستان وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کو ایک لاکھ 81 ہزار ڈالر (5 کروڑ 2 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد رقم) ادا کیے۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے برائن ڈگلس ولیمز نے ڈویان میں ایک استور مارخور (کیپرا فالکنری) کا کامیابی سے شکار کیا، جس کی ٹرافی سائز 40 انچ سینگ ہے۔ استور مارخور کا یہ شکار موجودہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام میں چوتھا شکار تھا۔
اس سے ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد مقامی کمیونٹیز کو جاتا ہے، جو تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے یہ فنڈز استعمال کرتی ہیں جبکہ باقی 20 فیصد رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے۔