گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی نے انسداد دہشت گردی ایکٹ اور سائبر کرائم قوانین کے غلط استعمال کے خلاف گلگت میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔
اس ریلی کی قیادت گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ احسان علی، بلتستان ڈویژن کے صدر نجف علی اور سینئر رہنما بابا جان اور ممتاز نگری نے کی، شرکا ریور ویو روڈ پر مارچ کرتے ہوئے سینٹرل پریس کلب گلگت میں جمع ہوئے جہاں رہنماؤں نے خطاب کیا۔
کمیٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے علاقے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور سائبر کرائم قوانین کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں اور گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کےعہدہ داران کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور سائبر کرائم قوانین کے تحت جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں تاکہ حق کے لیے اٹھنے والی ان کی آواز کو خاموش کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے حال ہی میں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اور دیگر کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے ہیں۔
عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان ڈویژن کے صدر نجف علی نے کہا کہ ہم مقامی لوگوں کے بنیادی حقوق، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور مقامی زمینوں پر مقامی لوگوں کے حق ملکیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے مقامی لوگوں کے خلاف جعلی مقدمات کا اندراج شروع کر دیا ہے۔
مظاہرین نے حکومت سے گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں کے خلاف درج غیر قانونی مقدمات کو خارج کرنے اور سیاسی کارکنوں کو جاری سائبر کرائم نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔