گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی، سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 15 گاڑیاں بہہ گئیں، 3 لاشیں نکال لی گئیں جب کہ 15 سے زائد سیاح لاپتہ ہیں، لاپتہ سیاحوں کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
دیامر: ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق شاہراہ تھک بابوسر کے علاقے میں سیلاب نے تباہی مچادی، جس کی زد میں آ کر سیاحوں کی 15 گاڑیاں بہہ گئیں ۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 4 سیاحوں کو زخمی حالت میں ریسکیو کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ سیلاب میں بہہ کر جاں بحق ہونے والی دو خواتین مشعل فاطمہ اور فہد اسلام کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہونے کی تصدیق ہو گئی ۔
ترجمان کے مطابق ساہیوال کے سیاحوں سے بھری گاڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، سیلاب سے شاہراہ بابوسر 8 کلومیٹر تباہ ہو گیا، جبکہ شاہراہ قراقرم 20 مقامات پر بند ہو گئی ۔
حکومتی ترجمان کے مطابق حالات کے پیش نظر ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا، مزید بتایا کہ سیلاب سے علاقے کا کمیونیکیشن کا نظام درہم برہم ہو گیا اور اپٹک فائبر بریک متاثر ہوئی ہے ۔
فیض اللہ نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔