جہلم: تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہنگامی آپریشن کیا جائے، شہر کے کسی بازار میں تجاوزات کی شکایت پر عملہ کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، آپریشن میں روکاوٹ بننے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کروائے جائیں۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے انسداد تجاوزات ٹیموں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی صبا سحر ، سی او مبارک علی خان اور انسپکٹر تجاوزات و عملہ نے شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم شہر کے تمام بازاروں میں زیرو تجاوزات یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کے اقدامات کئے جائیں، تجاوزات کرنے والوں کا سامان ضبط کرنے، دوکانیں سیل کرنے، مقدمات درج کروانے سمیت تمام ایکشن ہر صورت اٹھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ، محکمہ مال اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں دن رات بازاروں، مرکزی سڑکوں پر موجود رہیں گی۔ تجاوزات کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی، آپریشن کے دوران رکاوٹ بننے والے تاجروں و دوکانداروں کو موقع پر جیل بھیجا جائے گا۔