ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گلگت ظہور احمد نے کارگاہ بدھا پارک کے احاطے میں پولیس پیٹرولنگ یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔
ترجمان گلگت پولیس کے مطابق شہریوں کی جانب سے موصولہ شکایات میں نشاندہی کی گئی تھی کہ مذکورہ مقام پر منشیات کا کھلے عام استعمال ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی پی او گلگت کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سٹی سرکل گلگت سید مرتضیٰ حسین شاہ کی نگرانی میں پولیس نے مؤثر گشت کا آغاز کر دیا ہے تاکہ علاقے میں منشیات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
گلگت پولیس اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور منشیات کی لعنت کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائے۔ اس ضمن میں عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ ترجمان کے مطابق گلگت پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔