کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے جس طرح رمضان کے دوران چیکنگ کے ذریعے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا ہے، اسی طرح سے وہ فیلڈ میں فعال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کی قیمتوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور حکومت کی جانب سے زندہ مرغی کی مقرر کردہ قیمت کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔
انجینئر عامر خٹک نے ڈویژنل سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ترقیاتی اسکیموں کا ازسر نو جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی کوئی بھی سکیم غیر ضروری التوا کا شکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر نگرانی کی جائے۔ ”ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کے کاموں میں مزید بہتری لائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سے ستھرا پنجاب آپریشنز کی مانیٹرنگ کریں۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کرٹیکل بازاروں میں ہمہ وقت موجودگی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ گرانفرونشوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈویژن بھر میں کل 181 پرائس مجسٹریٹس نے 19,796 چھاپے مارے۔
اس دوران518 خلاف ورزیاں سامنے آنے پر 02 ایف آئی آرز، 14 دوکانیں سیل، 02 لاکھ 88 ہزار روپے کا جرمانہ اور35 افراد گرفتار کیے گئے۔ضلع راولپنڈی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 12,261 مقامات کا معائنہ کیا۔ دورانِ چیکنگ 130 مقامات پر اوورچارجنگ کی شکایات سامنے آئیں، جس پر 1,99,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، 2 ایف آئی آرز درج ہوئیں، 10 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ 4 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔