ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے غیر ملکی خاتون سیاح سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے غیر ضروری سوالات کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل کو معطل اور دیگر اہلکاروں کو نوٹسز جاری کردیئے ۔
ایبٹ آباد( مہر سیماب) ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے واقعے میں ملوث ہیڈ کانسٹیبل خیرالرحمن کو معطل کر دیا جبکہ کانسٹیبلان شاہد اور وسیم کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں ۔
ڈی آئی جی نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی پی او بٹگرام محمد ایاز خان کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا، جو مکمل تحقیقات کرکے جلد از جلد رپورٹ پیش کریں گے ۔
ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے واضح کیا ہے کہ ہزارہ پولیس میں نظم و ضبط، پیشہ ورانہ رویہ اور سیاح دوست ماحول اور سیاحوں کو مکمل جانی و مالی تحفظ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اور کسی قسم کی غفلت یا غیر ذمہ دارانہ رویہ ناقابل برداشت ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایات کے مطابق مستقبل میں ملازمین کو غیر ملکی سیاحوں کیساتھ خوش اخلاقی اور دوستانہ رویہ کے فروغ کیلئے ورکشاپ/ ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا جائے گا جس سے ایسے واقعہ دوبارہ رونما نہ ہوں اور دنیا بھر سیاحوں کے تحفظ و اچھے رویہ کے حوالے سے خیبرپختونخوا پولیس کا جو عوام دوست تاثر ہے اس کو برقرار رکھا جاسکے ۔