ایبٹ آباد (مہر سیماب): ہزارہ پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ہزارہ ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ طاہر ایوب خان نے عیدالاضحی کے موقع پر قیام امن، ٹریفک پلان اور اہم وحساس مقامات کی سیکیورٹی کے حوالے سے ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈی پی اوز اپنے اپنے ضلع میں عید الاضحی کے موقع پر تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنائیں۔ اس موقع پر ہزارہ میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس اور دیگر اہم مقامات کی سیکیورٹی پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ ٹریفک پلان کو مزید بہتر کیا جائے عید کے موقع پر کسی کا بھی بلاوجہ چلان نہ کیا جائے خصوصاً سیاحوں کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انکا چلان نہ کیا جائے۔ٹریفک روانی کو موثر بنانے کیلئے اضافی نفری بھی تعینات کی جائے۔
دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کیساتھ تعاون کریں سیکیورٹی چیکنگ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کی جاتی ہے تاکہ سیاح کے روپ میں کوئی دہشتگرد یا شرپسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوسکیں۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مخصوص جگہوں کے علاؤہ قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کی جائے۔ مال مویشی منڈیوں میں متعلقہ ایس ایچ اوز اپنے سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کریں تاکہ چوری، رہزنی اور جیب کترنے جیسے واقعات کو روکا جائے۔ شہر کی بڑی مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کی ادائیگی کیلئے مکمل سیکیورٹی انتظامات کیئے جائے۔ عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور سیاحتی مقامات پر ہلڑ بازی کرنیوالوں کیخلاف سخت سے سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔ بازاروں شاپنگ مالز اور دیگر خرید و فروخت والی جگہوں پر پولیس گشت کے بہترین انتظامات کریں باوردی گشت کے ساتھ ساتھ سفید پارچات میں بھی پولیس اہلکاروں کو سپیشل ڈیوٹی پر لگائیں تاکہ جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھی جا سکے۔غیر قانونی طریقے سے قربانی کی کھالیں لینے والے اداروں اور گروہوں کیخلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔