مقبول اداکارہ نوال سعید نے ایک بار پھر کرکٹرز کی جانب سے کیے جانے والے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ لازمی نہیں کہ انہیں میسیج بھیجنے والے کرکٹرز غیر شادی شدہ ہوں، وہ شادی شدہ بھی ہوسکتے ہیں۔
اداکارہ حال ہی میں سید جبران کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان اعجاز اسلم نے اداکارہ نوال سعید کو تنگ کرتے ہوئے یاد دلایا کہ انہیں بھی رات گئے کرکٹرز کے میسجز آتے ہیں جس پر پہلے تو نوال نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ اس پر اب کوئی بات نہیں کرنا چاہتیں، پھر میزبانوں کے اصرار پر بات کرنے پر مجبور ہوگئیں.
اداکارہ کی جانب سے کرکٹرز کی دوبارہ بات کرنے پر میزبان نادیہ خان اور ساتھی اداکاروں اعجاز اسلم سمیت سید جبران نے مختلف کرکٹرز کے نام لینا شروع کیے، جس پر نوال سعید مسکراتی رہیں۔ اسی دوران میزبان نادیہ خان نے کہا کہ غیر شادی شدہ کون سے کرکٹرز ہیں، ان سب کے نام لیے جائیں، جس پر نوال سعید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لازمی نہیں کہ انہیں میسیج کرنے والے کرکٹرز غیر شادی شدہ ہوں۔
ان کے مطابق وہ کرکٹرز کے پیغامات پڑھ کر حیران رہ جاتی ہیں کہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لوگ بھی ایسا کر سکتے ہیں اور انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئیے۔اگرچہ انہوں نے کسی کرکٹر کا نام نہیں بتایا تھا، تاہم دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کرکٹرز کے بہت میسیجز آتے ہیں، جنہیں پڑھ کر وہ حیران رہ جاتی ہیں۔