کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (DHPP) کی حاصل کردہ اراضی میں جاری سیٹلمنٹ آپریشن کی پیش رفت سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)/سیٹلمنٹ آفیسر اپر کوہستان نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان بھی موجود تھے ۔
مانسہرہ: کمشنر ہزارہ نے ہدایت دی کہ سیٹلمنٹ کا عمل ہر صورت ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے، اس مقصد کے لیے بہترین ٹیمیں تشکیل دی جائیں، کام کی واضح تقسیم کی جائے، اور اگر مزید پٹواریوں کی ضرورت ہو تو فوری طور پر رپورٹ ارسال کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ جو اہلکار ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوئے، ان کے خلاف کارروائی کے لیے مراسلہ بھیجا جائے ۔
فیاض علی شاہ نے مزید کہا کہ اگر واپڈا سے کسی قسم کی معاونت درکار ہو تو فوری طور پر رابطہ کیا جائے، اور اگر وہ تعاون سے گریزاں ہوں تو معاملہ ان کے نوٹس میں لایا جائے ۔
انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لاتے ہوئے ایک ماہ کے اندر سیٹلمنٹ کا عمل مکمل کیا جائے اور ہفتہ وار پیش رفت رپورٹ کمشنر آفس کو ارسال کی جائے ۔
کمشنر ہزارہ نے واضح کیا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ قومی اہمیت کا منصوبہ ہے، لہٰذا اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ۔


