چترال میں بیوی کے قتل اور اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو ماں اور بھائی سمیت گرفتار کرلیا گیا
چترال کے قصبہ خرکشاں دیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کی شادی عبداللہ خان نامی شخص سے ہوئی تھی۔ تین روز قبل پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عبداللہ خان کی اہلیہ فرزانہ بی بی نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنے شوہر کے گھر میں چھت کے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی ہے۔ خاتون کی نعش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چترال میں پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
ڈی پی او افتخار شاہ کی ہدایت پر سب ڈویژنل پولیس آفیسر بمبوریٹ سرکل اور دروش تھانے کے ہاؤس آفیسر بلبل حسن کی سربراہی میں ایک ٹیم کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے دوران تفتیش مقتولہ کے شوہر عبداللہ خان، اس کے بھائی اور والدہ کو خاتون کے قتل اور اسے خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔
چترال میں حالیہ برسوں میں خودکشی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور خود کشی کرنے والوں میں نوجوان خواتین کی تعداد زیادہ ہیں۔