قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے 2024 میں ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز مکمل کر لیے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ ولی نے صائم ایوب (1) کو آؤٹ کر دیا۔ بعد ازاں اپنے دوسرے اوور میں ڈیوڈ ولی نے بابر اعظم (8) کو آؤٹ قرار دینے کے لیے ریویو لیا لیکن یہ کوشش ناکام رہی۔
محمد حارث گزشتہ میچوں کے مقابلے پراعتماد نظر آئے۔ بابر اعظم نے بھی مسلسل شاندار اسٹروکس کھیلے۔ وہ پاور پلے میں 51 رنز بنا چکے تھے جب حارث (22) نے محمد رضوان کا کیچ محمد علی کو تھما دیا۔دباؤ بڑھانے کے لیے کپتان نے افتخار احمد کے بعد اسامہ میر کو بھی آزمانے کا فیصلہ کیا۔ اسپنر نے بھی مایوس نہیں کیا۔ اس نے حسیب خان (3) کو محمد علی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ جب بابر اعظم کا سکور 38 تک پہنچا تو انہوں نے رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کر لیے۔ کیڈمور کے آؤٹ ہونے کے بعد محتاط انداز میں آغاز کرنے کے بعد بابر اعظم (46) کو کرس جارڈن نے بولڈ کیا۔ واضح رہے کہ اسٹار بلے باز نے رواں سیزن میں مجموعی طور پر 544 رنز بنائے تھے۔