نیلم : آزاد کشمیر کے علاقے نیلم ویلی میں جیپ کھائی میں گرنے سے میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔
ڈپٹی کمشنر وادی نیلم ندیم احمد جنجوعہ کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ سری گاؤں کے قریب پیش آیا، جب بدقسمت خاندان کندل شاہی سے اپنے آبائی گاؤں جاگران واپس جا رہا تھا ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پانچ دروازوں والی پجیرو جیپ ایک تنگ موڑ پر تھی، جب ڈرائیور نے گاڑی کی پوزیشن درست کرنے کے لیے اسے کچھ پیچھے کیا، اسی دوران سڑک کا ایک حصہ بیٹھ گیا، جس کے باعث جیپ پہاڑی ڈھلوان سے لڑھک کر تقریباً 300 فٹ نیچے کھائی میں جاگری ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں 7 افراد پر مشتمل خاندان کے 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جن میں 65 سالہ حاجی سعید عالم (ڈرائیور)، ان کی 50 سالہ اہلیہ اکبر جان، 55 سالہ برادر نسبتی محمد عرفان اور 60 سالہ سالی افسر جان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ تین بچے شدید زخمی ہوئے ۔
زخمی بچوں کی شناخت 12 سالہ حسیب ولد شفیق، 10 سالہ ذیشان اسحٰق اور اس کی 14 سالہ بہن کوثر بی بی کے نام سے ہوئی ۔
زخمیوں کو ابتدائی طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹھ مقام منتقل کیا گیا، بعد ازاں خصوصی علاج کے لیے سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کر دیا گیا ۔