آزاد جموں و کشمیر میں پولیو کے خاتمے کی پانچ روزہ مہم 26 فروری سے شروع ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم یکم مارچ 2024 تک جاری رہے گی اور مہم کے دوران مختلف ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے جمعہ کو اے پی پی کو بتایا کہ یہ مہم آزاد جموں و کشمیر کے 10 اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ تفصیلات بتاتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ مظفرآباد میں 5 سال تک کی عمر کے 1.20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پیرا میڈیکل سٹاف کی کم از کم 3995 موبائل ٹیموں کو ڈیوٹی تفویض کی گئی ہے کہ وہ گھر گھر جا کر پانچ سال کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ ان کو معذوری کی بیماری سے بچایا جا سکے۔
عالمی ادارہ صحت (WHO) کے تعاون سے آزاد جموں و کشمیر کے اسٹیٹ ہیلتھ سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مقامی سرکاری ہسپتالوں میں کل 448 مقررہ مراکز قائم کیے جائیں گے۔