راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا۔
یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے مسلسل تربیت، مقامی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور ہمہ وقت آپریشنل تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا۔
ایس ایس جی کے ہیڈکوارٹرز آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے ان کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاریوں اور مشن کی انجام دہی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی صلاحیتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے جدید ترین خصوصی آلات کا مظاہرہ بھی دیکھا جب کہ ایس ایس جی کے جوانوں نے خصوصی آپریشنز میں اپنی جنگی مہارت، پھرتی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرض شناسی کے جذبے کو سراہا۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے اور دشمن پر برتری برقرار رکھنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاریوں پر غیر متزلزل توجہ ناگزیر ہے۔


