عوامی ایکشن کمیٹی اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا کے ذریعے پیدا ہونے والی بجلی پر فی یونٹ لاگت کا تعین اور مضمرات کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق کوشش کی جائے گی کہ عوام کو ہرممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آزادجموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ،چئیرمین مذاکراتی کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، وزراء حکومت میاں عبد الوحید ، سردار ضیاء القمر وجموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے شوکت نواز میر اور نمائندگان کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں چیئرمین مذاکراتی کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے معاہدہ پڑھ کر سنایا۔
معاہدہ کے مطابق حکومت کی مصالحتی کمیٹی اور جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق تمام معاملات کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ اب وجہ تنازعہ واپڈا کے ذریعے پیدا ہوئی پن بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین ہے جس کے لئے حکومت اصولی طور پر اس امر پر متفق ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے گا،اس کے لئے طریق کار طے کرنے نیز سارے عمل کے مالی مضمرات کا جائزہ لینے کے علاوہ جملہ متعلقین بشمول کابینہ ،اسمبلی کو اعتماد میں لیتے ہوئے آمدہ دو ہفتوں میں عمل درآمد کیا جائے گا۔