اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کے بعد سینیٹر شبلی فراز نے بھی جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ دے دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے بھی جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا، ان کی جگہ اب سینیٹر علی ظفر جوڈیشل کمیشن میں نمائندگی کریں گے۔
خط میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کیسز درج ہیں جو توجہ مانگتے ہیں، ان حالات میں وقت دے پانا مشکل ہے لہٰذا میں اپنی جگہ علی ظفر کو جوڈیشل کمیشن کا ممبر نامزد کرتا ہوں۔
عمر ایوب اور شبلی فراز نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر جوڈیشل کمیشن سے استعفیٰ دیا ہے۔
گزشتہ روزعمر ایوب کے بعد شبلی فراز نے بھی جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفا دیا تھا۔ انہوں نے اپنی جگہ بیرسٹر گوہر کو شامل کرنے کی سفارش کی تھی۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ میں نے جوڈیشل کمیشن سے استعفی کا فیصلہ اپنے خلاف درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آرز) اور قانونی مقدمات کے باعث کیا۔
جوڈیشل کمیشن کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی سے عمر ایوب اور سینیٹ شبلی فراز کو کمیشن کا حصہ بنایا گیا تھا اور انہوں نے کمیشن کے ابتدائی اجلاس میں شرکت کی تھی، تاہم اب پی ٹی آئی کے دونوں اراکین جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے استعفے دے چکے ہیں ۔