پاکستان پر ایران کے میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایک دن بعد ہی منہ توڑ جواب دے دیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ کے مطابق پاکستانی دفاعی افواج نے ایران کی حدود میں کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیاگیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے آج صبح ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں بھرپور کارروائی کی اور دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ آپریشن کا نام مرگ بر سرمچار رکھا گیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔ ایران میں چھپے ہوئے یہ پاکستانی نژاد دہشت گرد خود کو سرمچار کہتے ہیں۔ پاکستان نے ان پناہ گاہوں کے بارے میں تحفظات کا مسلسل اظہار کیا تھا اور دہشت گردوں کی موجودگی اور سرگرمیوں کے ٹھوس شواہد ایران کے ساتھ شیئر کئے، خدشات پر عمل نہ ہونے کی باعث نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، ان بزدل سرمچاروں کی جانب سے دہشت گردی کی بڑی کارورائی کی اطلاع تھی۔ آج صبح کی کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں کی گئی۔