پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں ڈیوٹی سے انکار کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ان جوانوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جنہوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج میں ڈیوٹی دینے سے انکار کیا تھا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت کے اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ نے 3 دسمبر کو ایک سرکلر جاری کیا، جس میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا گیا۔
یہ سرکلر ڈی آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی سیکیورٹی، ڈی آئی جی لاء اینڈ آرڈر، ڈی آئی جی سیفٹی، اے آئی جی لاجسٹکس اسلام آباد، اور اے آئی جی سپیشل برانچ کو بھیجا گیا ہے۔ 23 سے 26 نومبر تک غیر حاضر رہنے والے اہلکاروں کے خلاف دو روز میں کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان کی فہرستیں فوری طلب کی گئی ہیں۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کو ملازمت سے برطرفی کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔