مانسہرہ: تھانہ لاری اڈہ پولیس کی بڑی کارروائی — خطرناک مجرم اشتہاری پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاریوں کے لیے زبردست کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ لاری اڈہ فیصل خلیل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مجرم اشتہاری ابراہیم عرف عدیل ولد نزیر سکنہ بٹ دریاں کی گرفتاری کے لیے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی۔
پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی مجرم اشتہاری ابراہیم عرف عدیل اور اس کے دو نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دفاع کیا، جس دوران ابراہیم عرف عدیل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زخمی حالت میں اسے گرفتار کر کے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔
گرفتار مجرم اشتہاری کے خلاف قتل، اقدام قتل، منشیات فروشی اور پولیس پر فائرنگ سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، مجرمان اشتہاریوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا، اور ضلع مانسہرہ کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔