سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 4بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔
رات گئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔جس کے بعد تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا۔تھریٹ الرٹ کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کالعدم تنظیم کی جانب سے خودکش حملے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔الرٹ جاری ہونے کے بعد بند کی گئی یونیورسٹیز میں ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہیں۔ مختلف یونیوورسٹیوں کے طلبہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج سے ہونے والا پیپرز کینسل کر دیئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں شہر میں واقع متعدد نجی اسکولز بھی بند کردیے گئے، اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو میسجز بھیجے گئے کہ بچوں کو جلد گھر لے جائیں۔دوسری جانب سرکاری تعلیمی ادارے تاحال کھلے ہیں اور ان کی جانب سے تاحال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔جبکہ انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے