لبنان میں اسرائیل نے ایک اور حملہ کر کے حزب اللہ کے سینئر اہلکار سمیت 4 ارکان کو شہید کر دیا۔
جنوبی لبنان کے علاقے میں اسرائیل نے نقورا میں عمارت پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے سینیئر اہلکار حسین یزبیک سمیت چار ارکان شہید ہو گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کر کے حماس کے سیاسی دفتر کے نائب صالح العاروری کو دو ساتھیوں سمیت شہید کر دیا تھا ۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے 24 گھنٹوں میں 120 سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر دیے جبکہ ایک اسرائیلی مغوی کو آزاد کرانے کی صیہونی فوج کی کوشش ناکام ہو گئی اور مغوی ہلاک ہو گیا۔
دوسری طرف لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون حملے میں 5 ساتھیوں سمیت حماس کے سیاسی بیورو کے نائب سربراہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو صالح العاروری کی شہادت کی بھاری قیمت چکانا ہو گی۔
یاد رہے کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے حماس رہنما کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو صالح العاروری کے قتل کی سزا ضرور دی جائے گی۔ اس پر حسن نصر اللہ ایک خطاب میں کہا کہ اگر اسرائیل لبنان کے خلاف جنگ چھیڑتا ہے تو ہماری محدود جنگ کا دائرہ ختم ہو جائے گا، ہماری لڑائی کی نہ کوئی حد ہو گی نہ ہی کوئی اصول ہو گا۔