مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ کراچی میں بھتہ خوری کے ساتھ پرچی سسٹم چلتا تھا لیکن نواز شریف نے اداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بے امنی کو ختم کیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے۔ اس کی اپنی تاریخ ہے، کروڑوں لوگ کراچی میں محنت کرتے ہیں اور یہاں سے اربوں ڈالر کمائے جاتے ہیں، یہ شہر پاکستان کا گیٹ وے کہلاتا ہے، یہاں سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا ہے، کراچی کے صنعت کار، تاجر اور سرمایہ کار حلال کی کمائی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھتہ خوری ہوتی اور پرچی سسٹم چلتا تھا لیکن نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والےاداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بے امنی کو ختم کیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے شہر میں پانی مہیا کرنے کے لیے پانی کے منصوبوں کے لیے اربوں روپے دیے جب کہ دھاندلی کے ذریعے نواز شریف کا اقتدار نہ چھینا جاتا تو کراچی حیدرآباد موٹروے منصوبہ مکمل ہو جاتا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ ہمارا منشور پوری قوم کے سامنے آنے والا ہے۔ سب سے پہلے ہم نے نوجوانوں کو ہنر دینا ہے،ہمارا بے روزگاری میں کمی لانے کا پروگرام قوم کے سامنے آئے گا، ہم ان منصوبوں کو آگے لے کر جائیں گے۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ شہر سے ٹینکر مافیا کا بھی خاتمہ کیا جائے گا، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر پانی سے محروم ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی معاشی ترقی میں حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی ہوتی ہے، ہم اسکول،کالجز اور صحت کے نظام کو بہتربنانے کے لیے دن رات کام کریں گے، پچھلے 4سالوں میں معاشرے میں زہر گھولا گیا، اس کا خاتمہ کریں گے۔