پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل ‘مکہ دفاعی معاہدے’ کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تینوں برادر ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس کے اختتام پر ایک جامع مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں خطے کی سلامتی، اجتماعی دفاع اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد: اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا، تینوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے بنیادی اصولوں اور مقاصد کے حصول، اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر رکن ملک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے مکمل احترام پر کاربند رہیں گے ۔

اجلاس کے دوران 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے افتتاحی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا، فریقین نے ان فیصلوں کو باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دینے اور اپنے قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاعی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

کمیٹی نے سعودی عرب میں معاہدے کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی جانب ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتحاد کے ادارہ جاتی امور چلانے اور تینوں ممالک کے درمیان مؤثر رابطہ کاری میں یہ سیکرٹریٹ کلیدی کردار ادا کرے گا ۔
مشترکہ اعلامیے میں سعودی عرب میں شہری آبادی اور سول تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاہدے کی اجتماعی دفاعی دفعات کے تحت سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ اور دفاعی معاونت کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا ۔
مزید برآں، تینوں ممالک نے دفاعی صنعتوں کے فروغ، مشترکہ تکنیکی ترقی، عسکری تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے ۔


